
عمران خان کی بہن نورین نیازی کے ریاستی اداروں پر مبینہ جھوٹے الزامات کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
عمران خان کی بہن نورین نیازی کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق نورین نیازی نے ایک انٹرویو کے دوران ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے، جن کا مقصد عوام میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیلانا تھا۔
مقدمے میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز مواد نشر کیا، جس سے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
حکام کے مطابق مقدمہ پیکا ایکٹ اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔















