پی ڈی ایم اے نے سندھ میںاربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

0
3

سندھ میں بارشوں سے اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا، جس میں خبردار کیا ہے کہ متعدد اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے صوبے میں متوقع بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ31 جولائی سے 2 اگست تک سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف اضلاع میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، کشمور، قمبر شہدادکوٹ، ٹھٹہ، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور شہید بینظیرآباد کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ متعدد اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر نکاسی آب کے لیے پمپس اور ضروری مشینری تیار کر لی گئی ہے۔
حکام کے مطابق میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر اور حیدرآباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ ٹھٹہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی اور عمرکوٹ میں بھی سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔

Leave a reply