صدر ٹرمپ کا دورہِ چین،امریکا اور چین کے درمیان بڑے معاشی معاہدوں کی تیاری

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز تین روزہ دورے پر بیجنگ پہنچیں گے، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ایران، تائیوان، مصنوعی ذہانت، ایٹمی ہتھیاروں اور اہم تجارتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بوئنگ طیاروں، زرعی مصنوعات اور توانائی کے شعبے میں ممکنہ معاہدوں پر بھی پیش رفت متوقع ہے، جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مستقل ادارے قائم کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔
رپورٹس کے مطابق چین سے نایاب معدنیات کی فراہمی کے معاہدے میں توسیع پر بھی بات چیت ہوگی۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اس ملاقات کو عالمی سیاست اور معیشت کیلئے فیصلہ کن قرار دیا ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور تہران کیلئے بیجنگ کی حمایت کو مذاکرات کیلئے ایک بڑا سفارتی چیلنج بھی بتایا گیا ہے۔
عالمی مبصرین کے مطابق واشنگٹن اس ملاقات کے ذریعے چین کو ایران پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر آمادہ کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع نہ ہو، جبکہ چین اپنی معاشی اور توانائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تہران کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔















