دنیا کا نایاب ترین اور بھاری برکم یاقوت دریافت

0
4

میانمار میں 11 ہزار قیراط وزنی نایاب یاقوت دریافت کیا گیا ہے، جسے ملکی تاریخ کا وزن کے اعتبار سے دوسرا بڑا یاقوت قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قیمتی پتھر گزشتہ ماہ شہر موگوک کے قریب ایک معدنی علاقے سے دریافت ہوا، جو میانمار کی قیمتی پتھروں کی صنعت کا اہم مرکز سمجھا جاتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس یاقوت کا وزن تقریباً 2.2 کلوگرام ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ 1996 میں ملنے والے بڑے یاقوت سے وزن میں چھوٹا ہے، تاہم اس کی رنگت اور معیار زیادہ بہتر ہونے کے باعث اس کی اہمیت اور ممکنہ مالیت کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یاقوت کی رنگت جامنی مائل سرخ ہے جس میں ہلکے زرد رنگ کی جھلک بھی دیکھی گئی ہے، جبکہ اس کی چمک اور شفافیت کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی بعض تنظیموں نے عالمی جیولرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میانمار سے حاصل ہونے والے قیمتی پتھروں کی خریداری سے گریز کریں، کیونکہ یہ صنعت طویل عرصے سے فوجی حکومتوں کی آمدنی کا اہم ذریعہ سمجھی جاتی رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ معدنی علاقوں میں حالیہ برسوں کے دوران خانہ جنگی اور مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کے باعث صورتحال غیر مستحکم رہی ہے۔

Leave a reply