امریکی انٹیلی جنس نے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی کو ممکنہ خطرہ قرار دیدیا

امریکی انٹیلی جنس نے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی کو ممکنہ خطرہ قرار دےدیا۔
امریکا کی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گیبارڈ نے پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جو امریکا کے لیے نمایاں خطرہ بن سکتے ہیں، اور خبردار کیا ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی میزائل صلاحیتیں مستقبل میں امریکی سرزمین تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔
واشنگٹن میں سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے 2026 کی سالانہ خطرات سے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، روس، چین، شمالی کوریا اور ایران جدید اور روایتی میزائل سسٹمز پر کام کر رہے ہیں، جو جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امریکی سرزمین کو نشانہ بنانے کی رینج حاصل کر سکتے ہیں۔
تلسی گیبارڈ نے مزید کہا کہ پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مستقبل میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل شامل ہو سکتے ہیں، جو امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔
ادھرایران کے حوالے سے کہا گیا کہ حالیہ جنگ کے بعد اس کی حکومت کمزور ضرور ہوئی ہے، تاہم اب بھی وہ اور اس کے اتحادی امریکا اور خلیجی ممالک کے مفادات کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مختلف ممالک کی جانب سے طاقت کے استعمال کے رجحان میں اضافہ عالمی سیکیورٹی کے لیے نئے چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔















