پیرس اولمپکس:ارشدندیم میڈل جیتنےکیلئےپُرعزم

0
19

پاکستانی قوم کی نظریں آج پیرس اولمپکس کے اس مقابلے پر مرکوز ہوں گی، جہاں نامور اتھلیٹ، فخر پاکستان، فخر میاں چنوں ارشد ندیم میدان میں اتریں گے، جو پاکستان کا پرچم بلند کرنے کےلئے مکمل پرعزم اور پراعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔ سنسنی خیز معرکہ آج رات پاکستانی وقت کے مطابق11 بجکر 25 منٹ پر شروع ہوگا۔
ارشد ندیم نے 6اگست کو چھیاسی اعشاریہ انسٹھ میٹر کے تھرو کے ساتھ اولمپکس کے فائنل مرحلے کےلئے کوالیفائی کیا ۔ چھ اگست کو ہونے والے جیولن تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے کم از کم چوراسی میٹر کی تھرو کرنا تھی۔ارشد ندیم نے پہلی باری میں چھیاسی اعشاریہ انسٹھ میٹر کی تھرو کرکے کوالیفائی راونڈ عبور کیا ۔ارشد ندیم آج جیولن تھرو فائنل میں ان ایکشن ہوں گے۔ ارشد ندیم اس سے قبل بھی اولمپکس کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے تاہم اس بار وہ گولڈ میڈل کیلئے مکمل پرعزم ہیں ۔دوسری جانب گروپ بی میں ہی شامل بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی باری میں نواسی اعشاریہ چونتیس میٹر کی تھرو پھینکی جس کے بعد انہوں نے بھی جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں پاکستان کے سات رکنی دستے کی قیادت کررہے ہیں۔ ارشد ندیم کا تعلق میاں چنوں کے ایک غریب گھرانے سے ہے، محنت مزدوری سے روزگار کمانے والے گھرانے کے اس نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان کا نام بلند کرنے کا عزم کیا اور پھر آگے بڑھتا گیا۔اب تک کے قابل فخر کارناموں میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے دو سال قبل آٹھ اگست دوہزار بائیس کے کامن وویلتھ گیمز میں نوےاعشاریہ اٹھارہ میٹر کی تھرو کے ساتھ نہ صرف بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑاکو شکست دی بلکہ نیا ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا پرچم بلند کیا۔
ارشد ندیم جاپان کے شہر ٹوکیو میں منعقدہ اولمپکس دوہزار بیس میں انجری کے باوجود نہ صرف چوراسی اعشاریہ باسٹھ میٹرز کی تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے تھے بلکہ قوم کا سر بھی فخر سے بلند کیا، انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں منعقدہ بائیس ویں کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے اٹھاسی میٹرز کے ساتھ اپنے کیرئیر کی بہترین تھرو کرتے ہوئے نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔
ارشد ندیم خود گولڈ میڈیل جیتنے کےلئے پرعزم ہے اور انہوں نے پوری قوم سے دعاوں کی اپیل کی ہے۔۔۔۔ دوہزار چوبیس کے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم سمیت 12 کھلاڑیوں نے جیولن تھرو کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

Leave a reply