کونسا پارٹی سربراہ کہاں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہے؟

0
101

کونسا پارٹی سربراہ کہاں سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہے؟

پاکستان ٹوڈے: ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہونے ہیں جس کےلیے انتخابی گہماگہمی عروج پر ہے ، عام انتخابات میں جہاں متعدد حلقوں پر کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں وہیں یہ بھی دیکھنا ہے  کہ پارٹی کے سربراہان کن حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے قاٰئد میاں نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقے این اے 15 مانسہرہ کم تورغر اور این اے 130 لاہور 14 سے الیکشن لڑرہے ہیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے3 حلقوں سے الیکشن لڑرے ہیں جن میں این اے127 لاہور 11، این اے 194 لاڑکانہ 1 اور این اے 196 قمبر شہداد کوٹ 1 شامل ہیں،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10 بونیر سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی کے2 حلقوں سے امیدوار ہیں جن میں این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان اور این اے 265 پشین بلوچستان کے حلقے شامل ہیں۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 لوئر دیر سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑرہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی قومی اسمبلی کے حلقے کراچی حلقہ این اے 248 سے امیدوار ہوں گے
چیئرمین پختونخواہ ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی کی 2 نشستوں سے امیدوار ہیں جن میں این اے 263 کوئٹہ 2 اور این اے 266 قلعہ عبداللہ کم چمن شامل ہیں۔استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین بھی قومی اسمبلی کی 2 نشستوں سے الیکشن لڑرہے ہیں جن میں وہ این اے 149 ملتان 2 اور این اے 155 لودھراں 2 سے میدان میں اتریں گے۔تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی این اے 150 اٹک 2 اور این اے 160 بہاولنگر 1 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اختر مینگل این اے 256 خضدار، این اے 261 سوراب کم قلات کم مستونگ اور این اے 264کوئٹہ 3 سے الیکشن لڑیں گے جب کہ وہ صوبائی اسمبلی کی نشست خضدار 3 سے سے بھی امیدوار ہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد این 56 راولپنڈی 5 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑرہے ہیں۔
جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب زادہ شاہ زین بگٹی این اے 253 زیارت کم ہرنائی سے قومی اسمبلی کے امیدوار ہیں جب کہ وہ پی بی 10 ڈیگرہ بگٹی سے بھی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑیں گے۔نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک قومی اسمبلی کے حلقے این اے259کیچ کم گوادر سے الیکشن لڑیں گے جب کہ وہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی26 کیچ 2 سی بھی امیدوار ہیں۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر خالد حسین مگسی این اے 254جھل مگسی سے قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان چارسدہ 2 سے قومی اسمبلی کی نشست این اے25سے امیدوار ہیں۔پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک این اے 33 نوشہرہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر امیدوار ہیں۔

Leave a reply