عالمی سطح پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو پذیرائی حاصل،عالمی جریدہ

0
43

عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق عالمی سطح پر پاکستان کے دوٹوک مؤقف کو پذیرائی حاصل ہورہی ہے،مؤثر اور بہترین سفارت کاری کی بدولت پاکستان خطے میں مرکزِ نگاہ بن گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین نے پاکستان کے خطے میں بڑھتے ہوئے مؤثر کردار اور سفارتی حکمتِ عملی کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔
عالمی جریدے کے مطابق حکومت ریاستی اداروں اور عوام کا قومی معاملات پر یکساں اور دوٹوک مؤقف عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہا ہے، جس کے باعث پاکستان کی سفارتی اہمیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین پاکستان کو ایک معاشی طور پر مضبوط اور سرحدوں سے باہر بھی مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک تصور کرتا ہے۔ امریکا کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ ساتھ پاک چین دوستی بھی درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے، جبکہ چین عالمی اور علاقائی معاملات میں پاکستان کے اہم کردار کی حمایت کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین سلامتی کونسل اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی صدارت کے لیے پاکستان کو ایک موزوں اور بہترین امیدوار سمجھتا ہے۔ پاکستان بھی چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری کو اہم قرار دیتا ہے۔ چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ افغان حکومت پر اعتدال پسندی اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے کی بھی تلقین کی ہے۔ چین خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کی پالیسیوں کی حمایت، پاکستانی مؤقف کی بھرپور توثیق ہے۔

Leave a reply