ٹریفک جام کا خاتمہ:صرف 3 منٹ میں دبئی مال پہنچنے کا منصوبہ

0
16

معروف سیاحتی شہردبئی میں ٹریفک جام کا خاتمہ، صرف 3 منٹ میں دبئی مال پہنچنے کا منصوبہ،دبئی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے ایک منفرد اور جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ متعارف کروا دیا گیا۔
اماراتی حکام نےدبئی شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے زیر زمین لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کر دیا۔اس منصوبے کے تحت دبئی میں سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا اور شہری چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔
حکام کے مطابق شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) سے دبئی مال کا سفر صرف 3 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا، لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم شہر میں ٹریفک دباؤ کم کرنے اور روزمرہ آمدورفت کو مزید ہموار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے کا ابتدائی پائلٹ روٹ ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا۔54 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے، جن کے ڈیزائن بھی پیش کر دیے گئے ہیں۔
یہ سٹیشنز برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زعبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس میں قائم کیے جائیں گے۔
منصوبے کی تعمیر کیلئے دبئی حکام نے امریکی ارب پتی ایلون مسک کی زیر ملکیت کمپنی ’’دی بورنگ کمپنی‘‘ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو پورا لوپ سسٹم 19 سٹیشنز پر مشتمل ہوگا اور اس کی مجموعی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔اس منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کر لی جائے گی، جبکہ مکمل پراجیکٹ کی تکمیل تین سال میں ہو گی۔

Leave a reply