امریکی واسرائیلی حملےمیں ایرانی قومی سلامتی کےمشیرعلی لاریجانی بیٹےسمیت شہید

امریکااوراسرائیل کےحملےمیں ایرانی قومی سلامتی کےمشیرعلی لاریجانی بیٹے سمیت شہیدہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق کہ قومی سلامتی کے سیکرٹری علی لاریجانی اپنے بیٹے مرتضیٰ لاریجانی اور معاون علی رضا سمیت اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے، ان کی شہادت کا واقعہ تہران میں پیر اور منگل کی درمیانی رات ساڑھے 3 بجے پیش آیا۔
اس سے پہلے علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہاتھ سے لکھا پیغام جاری کیا گیا تھا جس میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا، اسرائیل نے گزشتہ روز علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
علی لاریجانی عراق کے شہر نجف میں پیدا ہوئے۔ ایران کی پاسدارانِ انقلاب میں شمولیت کے بعد انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ وہ ایران کی داخلی سیاست، پارلیمنٹ اور خارجہ پالیسی میں طویل عرصے تک بااثر کردار ادا کرتے رہے۔
وہ انقلابِ ایران کے بعد ابھرنے والی اہم سیاسی شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور ایک بااثر مذہبی و سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ علی لاریجانی صدارتی سیاست میں بھی سرگرم رہے اور متعدد بار صدارتی انتخابات میں نمایاں امیدوار کے طور پر سامنے آئے۔
شہید علی لاریجانی نے بطور اسپیکر پارلیمنٹ 12 سال تک مجلسِ شورٰی کی قیادت کی، جبکہ وہ ایران کے جوہری پروگرام کے چیف مذاکرات کار بھی رہ چکے تھے۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے علی لاریجانی اور دیگر شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا دوٹوک اعلان کر دیا ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق لاریجانی کا خون ایرانی عزت اور قومی بیداری کی علامت بن چکا ہے اور صہیونی طاقتوں کے خلاف حوصلہ مزید بلند کر رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ شہید علی لاریجانی اور دیگر شہدا کی قربانی کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا اور ان کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔















