پنجاب حکومت کالاہورکی سڑکوں،گلیوں اورتعلیمی اداروں کےپرانےنام بحال کرنےکافیصلہ

پنجاب حکومت نےلاہورکی سڑکوں،گلیوں اورتعلیمی اداروں کےپرانےنام بحال کرنےکافیصلہ کیاہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازاورصدرمسلم لیگ(ن)نوازشریف کی زیرصدارت شہرکےتاریخی ورثےسےمتعلق اجلاس منعقدہوا۔جس میں اہم فیصلےکیےگئے۔
اجلاس میں لاہور کی سڑکوں اور گلیوں کے پرانے نام بحال کرنے اور یونیورسٹی کا درجہ پانے والے سرکاری کالجز کے اصل نام دوبارہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران قدیمی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے منصوبوں پر رپورٹ پیش کی گئی جبکہ جاری منصوبوں کی پیشرفت کا تصویری جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ٹولنٹن مارکیٹ کے عقب میں کانونٹ گارڈن بنایا جائے گا، جہاں سیمی کورڈ ایریا اور دکانیں بھی قائم کی جائیں گی۔مزید برآں نیو میوزیم بلاک میں ورلڈ کلاس گیلریز بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جہاں قدیمی اسلحہ، سکے، چائنیز اور سکھ گیلریاں قائم کی جائیں گی جبکہ انٹرایکٹو اسکرینز بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہوں گی۔اس کے علاوہ شاہ عالمی سےرنگ محل تک راستےکو پیدل گزرگاہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں لاہور کی 8 قدیمی اور تاریخی گزرگاہوں کی بحالی اور قدیمی شہر میں مریم زمانی مسجد سمیت دیگر تاریخی عمارتوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔















