پاکستان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کا 5 سالہ خصوصی معاشی منصوبہ جاری

پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے اپنا 5 سالہ خصوصی معاشی منصوبہ جاری کردیا ۔
ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 2026 سے 2030 کی نئی کنٹری سٹرٹیجی جاری کر دی ہے۔ اس حوالے سے تیار کی گئی رپورٹ میں نجی شعبے کی قیادت میں معاشی ترقی پر زور دیتے ہوئے 5 سالہ منصوبہ پائیدار اور جامع ترقی کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے سٹرٹیجی پیپر میں روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین کی معاشی شمولیت اور سماجی ترقی کو ترجیح دی گئی ہے۔ اس منصوبے میں موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اقدامات بھی شامل ہیں۔اس کےعلاوہ اس پانچ سالہ معاشی منصوبے کے تحت توانائی، زراعت اور انفرا سٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔
ماہرین معیشت کے مطابق اے ڈی بی نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، تاکہ ملک کو مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔















