انوپم کھیرنے سر پر بال لگانے کی پیشکش ٹھکرا دی، وجہ بھی بتا دی

بالی وڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے اپنےسر پر بال لگانے کی پیشکش ٹھکرا دی اور وجہ بھی بتا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انوپم کھیر نے 1981 میں جب فلمی دنیا میں قدم رکھا تو اس وقت وہ گنجے تھے، جس پر متعدد لوگوں نے ان کے اداکار بننے کے خواب پر سوال اٹھائے۔ تاہم بعد میں انہوں نے کئی کامیاب فلموں جیسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم آپ کے ہیں کون اور دی کشمیر فائلز میں شاندار اداکاری سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ انہیں بال لگانے (ہیئر ٹرانسپلانٹ) کے لیے متعدد کمپنیوں نے رقم کی پیشکش کی، مگر انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کئی کمپنیاں اور ڈاکٹر انہیں بال لگوانے کے لیے قائل کرنا چاہتے ہیں اور اس کے بدلے رقم دینے کو بھی تیار ہیں، لیکن وہ اس پر کبھی رضامند نہیں ہوئے۔
ان کے مطابق چاہے انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہی کیوں نہ ہو، وہ اس اصول پر قائم رہنا چاہتے ہیں کیونکہ ایسا کرنے سے وہ اپنی اصل شخصیت کھو بیٹھیں گے۔
انہوں نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کا بیٹا سکندر چھوٹا تھا تو وہ اخبار پڑھ رہے تھے، جس میں ہیئر آئل کا اشتہار تھا۔ بیٹے نے انہیں دیکھ کر کہا کہ’’ڈیڈ، اس بارے میں سوچنا بھی مت۔‘‘
انوپم کھیر نے کہا کہ ان کے خاندان میں مزاح کا عنصر موجود ہے جو زندگی میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ وہ نوجوانوں کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ انہیں رسمی القابات کے بجائے “اے کے” یا “انوپم جی” کہہ کر مخاطب کیا جائے۔















