پیٹرول پمپ مالکان کی وارننگ، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر بندش کا اعلان

پیٹرول پمپ مالکان نےوارننگ دیتےہوئے مطالبات منظور نہ ہوئے کی صورت میں ملک گیر پیٹرول اسٹیشن بندکرنےکااعلان کردیا۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم علی پرویزملک سے فوری ملاقات کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 6 مارچ کو بھی ایک مراسلہ بھیجا گیا تھا تاہم اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو آپریشنل مسائل، مالی دباؤ، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اچانک پالیسی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔
ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے، جبکہ ملک بھر کے 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پمپس کی بندش کی صورت میں ملک میں شدید فیول بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔















