وزیراعظم کاپیٹرول کی قیمت میں 80روپےکی کمی کااعلان

0
23

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں فوری طور پر 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر کر دی۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت 458 روپے سے کم کرکے 378 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔پٹرولیم ڈویژن نے بھی اس کمی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 378 روپے 41 پیسے فی لیٹر ہوگی جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ یہ کمی آئندہ ایک ماہ تک پورے ملک میں نافذ العمل رہے گی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ کابینہ ارکان اب 2 ماہ کے بجائے 6 ماہ کی تنخواہیں قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے بھر میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جس سے عام آدمی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے اور مہنگائی نے بڑی معیشتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں عوام کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور وہ جانتے ہیں کہ عام آدمی کس طرح زندگی گزار رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ فیصلوں سے قبل وسیع مشاورت کی گئی، ایوانِ صدر میں ہونے والے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
وزیراعظم نے مزید اعلان کیا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ایک لیٹر پیٹرول پر 100 روپے جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ کو بھی ایک ماہ کے لیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔اسی طرح چھوٹے ٹرکوں کے لیے 70 ہزار، بڑے ٹرکوں کے لیے 80 ہزار اور بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی جائے گی، جبکہ چھوٹے کسانوں کو فی ایکڑ 1500 روپے امداد دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریل کی اکنامی کلاس کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم نے صوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی مقصد کے لیے اپنے وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک عوام کی زندگی معمول پر نہیں آ جاتی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 24 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 458 روپے 41 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گیا تھا۔

Leave a reply