کھلاڑی کے نام یا شہرت سے زیادہ اہم کارکردگی ہوتی ہے ،عثمان طارق

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا کہنا ہے کہ کسی کھلاڑی کے نام یا شہرت سے زیادہ اہم کارکردگی ہوتی ہے اور اصل فرق اچھی بولنگ سے پڑتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ کراچی میں سندھ پریمیئر لیگ کھیل چکے ہیں، اس لیے اندازہ ہے کہ یہاں کی پچز اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہیں، تاہم حتمی حکمت عملی موجودہ کنڈیشنز کو دیکھ کر ہی ترتیب دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عام طور پر اسپنرز کو مدد ملتی ہے اور وہ اسی کے مطابق اپنی پلاننگ کریں گے۔
عثمان طارق نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنا ہے اور وہ اپنی کارکردگی سے ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں مدد دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ٹیم آپ سے توقعات وابستہ کرتی ہے تو ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے۔
پی ایس ایل میں اہداف سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی ایک بیٹر کو نشانہ نہیں بناتے بلکہ ہر وکٹ کو اہم سمجھتے ہیں کیونکہ تمام بیٹرز ہی حریف ہوتے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے رجحان پر انہوں نے کہا کہ یہ فارمیٹ بیٹرز کے لیے زیادہ سازگار ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث بولرز کو زیادہ محنت اور سمجھداری سے بولنگ کرنا پڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بیٹر کے انداز اور میچ کی صورتحال کے مطابق حکمت عملی بدلنا ضروری ہوتا ہے، چاہے مقصد ڈاٹ بالز کرانا ہو یا بیٹر کو شاٹ کھیلنے پر مجبور کرنا۔ کراؤڈ کی واپسی خوش آئند ہوگی کیونکہ پی ایس ایل ایسی لیگ ہے جہاں لوگ خاص طور پر میچ دیکھنے آتے ہیں، اس لیے امید ہے کہ حالات بہتر ہونے پر تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت ملے گی۔















