ایپل آئی فون 18 پرو سمیت 11 نئے ماڈلز لانچ کرنے کی تیاری

0
6

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے رواں سال اپنی تاریخ کا سب سے بڑا لانچ ایونٹ منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کرلی۔
تازہ ترین لیکس کے مطابق کمپنی آئی فونز، آئی پیڈز، میکس اور ویئر ایبل آلات سمیت مجموعی طور پر 11 نئی ڈیوائسزمتعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس سال کی سب سے اہم پیشرفت آئی فون 18 پرو ماڈلز کی آمد ہے، جبکہ پہلی بار ایپل کے فولڈ ایبل آئی فون اور نئے آئی پیڈز کی لانچنگ کی خبروں نے بھی ایپل صارفین میں تجسس بڑھا دیا ہے۔
لیکس کے مطابق آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں سب سے بڑی تبدیلی ڈیزائن میں ہونے کی توقع ہے۔ کمپنی فیس آئی ڈی کو سکرین کے نیچے منتقل کرنے پر کام کر رہی ہے، جس کا مطلب ہے کہ موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ ختم یا مزید چھوٹا ہو جائے گا۔اس تبدیلی سے صارفین کو مکمل بیزل لیس سکرین کا تجربہ ملے گا، جہاں فرنٹ کیمرہ ایک چھوٹے کٹ آؤٹ میں موجود ہوگا۔کیمرے کے حوالے سے بھی بڑی اپ ڈیٹس کی امید ہے۔
لیکس کے مطابق ویری ایبل اپرچر لینس متعارف کروایا جا سکتا ہے، جو کم روشنی میں بہترین فوٹو گرافی کے لیے انقلابی ثابت ہوگا۔ایپل کی نئی ڈیوائسز جدید ترین اے20 پرو چپ سے لیس ہوں گی، جو نا صرف کارکردگی بڑھائے گی، بلکہ مصنوعی ذہانت کے فیچرز کو بھی مزید طاقتور بنائے گی۔
ایپل ایک نیا سمارٹ ہوم ہب، ایپل ٹی وی اور ہوم پوڈ بھی لانے کا ارادہ رکھتا ہے، لہٰذا 2026 ایپل کا سب سے اہم سال ثابت ہونیوالا ہے۔

Leave a reply