پنجاب حکومت کابڑااقدام: زمین کی خریدوفروخت کیلئے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار

ضلع ساہیوال میں زمین و جائیداد کی خریدوفروخت کے نظام میں بڑی تبدیلی کر دی گئی ہے، جہاں اب تمام لین دین صرف گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے ہی ممکن ہوگا۔
ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پلرا) اکرام الحق کے مطابق روایتی فرد برائے بیع اور دیگر دستاویزات کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام اراضی نظام میں شفافیت لانے کے لیے حکومت پنجاب کی ایک اہم اصلاح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے ذریعے ملکیت اور قبضہ دونوں کی بیک وقت تصدیق ممکن ہوگی، جس سے جعلسازی اور تنازعات میں واضح کمی آئے گی۔
ڈی جی پلرا کے مطابق ساہیوال میں اس نظام کے نفاذ کے بعد اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی۔
اکرام الحق کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ اراضی نظام کی ڈیجیٹلائزیشن مہم میں ایک اہم پیش رفت ہے، جبکہ جدید لینڈ مینجمنٹ سسٹم کو حکومتی اصلاحات کا بڑا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے قریبی اراضی ریکارڈ سینٹرز سے رجوع کریں۔
ڈی جی پلرا کے مطابق ڈیجیٹل ریکارڈ سسٹم کے نفاذ سے زمینوں سے متعلق تنازعات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔















