عباس عراقچی اورجنوبی کوریاکےخصوصی ایلچی کی ملاقات،40روزہ جارحیت پرتبادلہ خیال

جنوبی کوریا کے خصوصی ایلچی چنگ بیونگ ہا نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے ایران کے خلاف 40 روزہ مبینہ جارحیت کے دوران پیش آنے والے واقعات اور اپنے مؤقف سے جنوبی کورین وفد کو آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ ان واقعات کی واضح اور سخت الفاظ میں مذمت کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی بنیادی وجہ امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں اور اقدامات ہیں۔
عباس عراقچی کے مطابق ایران بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے ساحلی حقوق اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ ان اقدامات کے نتائج کی ذمہ داری ان کے بقول جارح قوتوں پر عائد ہوتی ہے۔
جنوبی کورین خبر ایجنسی کے مطابق ایلچی چنگ بیونگ ہا نے اس موقع پر سیئول اور تہران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا، جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔















