پنجاب حکومت کا مدارس رجسٹریشن نظام سے متعلق بڑا فیصلہ

0
6

حکومت پنجاب نے دینی مدارس کے رجسٹریشن نظام کو یکجا کرنے اور متعلقہ قوانین میں ترامیم لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت مدارس کی الگ رجسٹریشن کی شرط نرم کرنے کیلئے قانونی ترامیم پر غور کر رہی ہے۔
مجوزہ ترمیم کے تحت وفاق المدارس اور دیگر دینی بورڈز کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو دوبارہ صوبائی رجسٹریشن کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق مدارس کی وفاقی سطح پر موجود رجسٹریشن کو صوبائی سطح پر بھی قانونی حیثیت دینے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی ڈیٹا کو باہم منسلک کرنے کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جو مدرسہ وفاقی ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہوگا، اسے پنجاب میں الگ رجسٹریشن سے استثنا حاصل ہوگا۔اس حوالے سے علمائے کرام اور مدارس کے منتظمین سے مشاورت کے بعد مجوزہ ترامیم صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کابینہ کو سوسائٹیز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دے گا، جس کے بعد منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

Leave a reply