حکومت کا اوور بلنگ روکنے کیلئے بڑا اقدام، بجلی صارفین کیلئے ’اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ‘ ایپ متعارف کرا دی

0
4

حکومتِ پاکستان نے ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے “اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے نام سے ایک جدید پاور اسمارٹ موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی ہے، جس کا مقصد بجلی کے بلوں میں شفافیت لانا اور اوور بلنگ کی شکایات کا خاتمہ کرنا ہے۔

یہ ایپ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی خصوصی نگرانی میں وزارتِ توانائی نے “اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت لانچ کی ہے، جبکہ اسے پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

ایپ کے ذریعے صارفین اب اپنے بجلی کے میٹر کی تصویر خود لے کر سسٹم میں اپ لوڈ کر سکیں گے، جس سے غلط ریڈنگ، اضافی بلنگ اور انسانی غلطیوں کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس نظام سے میٹر ریڈنگ کی تفصیلات بروقت حکومتی سسٹم تک پہنچیں گی اور بل بالکل درست ریڈنگ کے مطابق تیار ہوگا۔

صارفین گوگل پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے کنزیومر آئی ڈی کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں، جبکہ مقررہ میٹر ریڈنگ ڈے پر میٹر کی تصویر اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا۔

حکومت کے مطابق یہ اقدام “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے نہ صرف صارفین کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ مالی نقصان اور اوور بلنگ جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

Leave a reply