سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں، اہم کمانڈرسمیت 23 خوارج ہلاک

0
5

خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران مزید 23 خوارج ہلاک ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دتہ خیل، اسپین وام اور بنوں کے علاقوں میں کیے گئے، جن میں ایک اہم خارجی کمانڈر جان میر عرف طور ثاقب بھی مارا گیا، جو متعدد دہشتگرد حملوں اور شہریوں و اہلکاروں کی شہادتوں میں ملوث تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ، بارودی مواد اور دیسی ساختہ بم برآمد کیے گئے، جبکہ ان کے زیر استعمال سرنگوں اور بنکروں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق “آپریشن عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی تباہی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے، اور فتنہ الخوارج سمیت بھارتی پشت پناہی میں سرگرم عناصر کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a reply