منیٰ میں لبیک کی صداؤں سے روح پرور مناظر، 20 لاکھ عازمین حج روحانی سفر میں

حج کے دوران منیٰ میں روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے جبکہ فضا “اللّٰھم لبیک” کی صداؤں سے گونجتی رہی۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج نے یومِ ترویہ منیٰ میں عبادات اور دعاؤں میں گزارا۔ شدید گرمی کے باعث حجاج نے دن کا بیشتر حصہ خیموں میں قیام کیا جبکہ شام کے وقت موسم بہتر ہونے پر منیٰ کی سڑکوں پر دوبارہ رونق بڑھ گئی۔
حکام کے مطابق تقریباً 20 لاکھ عازمین اس وقت مناسک حج کی ادائیگی کے لیے منیٰ میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے ظہر اور عصر کی نمازیں بھی ادا کیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق عازمین رات کے کھانے کے بعد میدان عرفات روانگی کی تیاری کریں گے، جبکہ کل صبح ظہر سے قبل تمام حجاج عرفات پہنچ جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ وقوفِ عرفات حج کا رکنِ اعظم ہے، جہاں مسجد نمرہ سے خطبہ دیا جائے گا اور حجاج ظہر و عصر کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔ غروبِ آفتاب تک عرفات میں دعا، استغفار اور عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بعد ازاں حجاج مغرب کے وقت مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔
10 ذوالحجہ کی صبح حجاج منیٰ واپس آ کر رمی، قربانی، حلق اور طوافِ زیارت جیسے مناسک ادا کریں گے، جس کے بعد حج کے دیگر مراحل مکمل کیے جائیں گے۔
12 ذوالحجہ تک منیٰ میں رمی کا عمل جاری رہے گا اور مقررہ وقت پر حجاج منیٰ سے روانہ ہو جائیں گے، جس کے ساتھ حج کے مناسک اختتام پذیر ہوں گے۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
مزید دیکھیں
-
27ویں آئینی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج
نومبر 12, 2025 -
مائیکرو سافٹ کا اے آئی کمپیوٹرز کی تیاری کا اعلان
مئی 23, 2024
اہم خبریں
سائنس/فیچر

پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔














