خیبرپختونخوا کی عدالتوں میں موبائل فون استعمال پر پابندی عائد

0
8

خیبرپختونخوا کی ضلعی اور ماتحت عدالتوں میں منسٹریل اسٹاف اور دیگر ملازمین کے لیے عدالتی اوقات کار کے دوران موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرار محمد زیب خان کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ عدالتوں میں کام کرنے والا تمام عملہ ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال نہیں کرے گا۔

مراسلے کے مطابق عدالتی اوقات میں تمام ملازمین اپنے موبائل فونز متعلقہ انچارج برانچ یا نامزد افسر کے پاس جمع کرائیں گے، اور فونز کی تحویل مخصوص ذمہ دار افسر کے پاس رہے گی۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں عملہ لینڈ لائن ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کر سکے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس حوالے سے ہدایات جاری کی جا چکی تھیں، تاہم بعض شکایات کے بعد ان پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Leave a reply