محرم الحرام کے دوران پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر اسلحہ اور آتش گیر مواد کی نمائش، جبکہ فرقہ وارانہ یا اشتعال انگیز تقاریر اور مواد کی تشہیر پر پابندی عائد ہوگی۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے یا عارضی تعمیرات قائم کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
مزید برآں یکم سے 10 محرم تک ڈبل سواری پر پابندی رہے گی، تاہم بعض مخصوص طبقات کو قانون کے تحت استثنیٰ حاصل ہوگا۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات عزاداری کے پروگراموں کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔















