عمران خان سےملاقات نہ کرانےپرپی ٹی آئی کی بجٹ اجلاس کےبائیکاٹ کی دھمکی

0
10

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کی صورت میں بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود گزشتہ 34 ہفتوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو قابل تشویش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کل تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائی گئی تو بجٹ اجلاس کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اس معاملے پر رولنگ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر اسپیکر نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ایوان کے رکن ہوتے تو ان کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جا سکتے تھے، جبکہ حکومت اور اپوزیشن کو کئی بار مذاکرات کی دعوت دی گئی لیکن اپوزیشن شریک نہیں ہوئی۔

بعد ازاں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف پی ٹی آئی ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ بجٹ عوام دوست نہیں ہوگا اور مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

Leave a reply