انسٹا گرام نے صارفین کو فیڈ پر زیادہ کنٹرول دینے کے لیے نیا فیچر متعارف کرا دیا

0
6

انسٹا گرام نے فوٹو شیئرنگ ایپ میں صارفین کو نظر آنے والے مواد پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنے کے لیے اپنے الگورتھم پرسنلائزیشن فیچر کو مزید وسعت دے دی ہے۔

اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین مرکزی فیڈ میں اپنی دلچسپی کے موضوعات سے متعلق مواد زیادہ دیکھ سکیں گے، جس سے ان کے لیے ایپ کا استعمال مزید مؤثر اور دلچسپ بن جائے گا۔

انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد صارفین کے تجربے کو بہتر بنانا ہے تاکہ انہیں اپنی پسند کے مطابق مواد تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔

تاہم اس فیچر کے تحت ضروری نہیں کہ صارفین کو ان اکاؤنٹس کی پوسٹس زیادہ نظر آئیں جنہیں وہ فالو کرتے ہیں۔ درحقیقت یہ نظام صارفین کی دلچسپیوں پر مبنی موضوعات کے مطابق کام کرے گا، جس کے لیے انہیں اپنی پسند کے موضوعات یا اصطلاحات کا انتخاب کرنا ہوگا۔

ایڈم موسیری نے اعتراف کیا کہ متعدد صارفین شکایت کرتے ہیں کہ ان کی پوسٹس ان کے تمام فالوورز تک نہیں پہنچ پاتیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی اکاؤنٹ کو فالو کرنا صارف کے تجربے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لیکن جب ریکومینڈیشنز مرکزی فیڈ پر غالب آ جاتی ہیں تو فالو کیے گئے اکاؤنٹس کا مواد نسبتاً کم دکھائی دیتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی مقصد کے تحت فالوونگ فیڈ متعارف کرائی گئی ہے، جہاں صارفین صرف ان اکاؤنٹس کی پوسٹس دیکھ سکتے ہیں جنہیں وہ فالو کرتے ہیں۔

Leave a reply