وزیر داخلہ کا فیڈرل کانسٹیبلری دورہ، اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو جدید بنانے کا فیصلہ

0
15

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شابقدر میں قائم فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے فورس کی عملی تیاری اور پیشہ ورانہ تربیت کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا، جنہیں ملک میں غیر ملکی مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے جدید طرز کی تربیت کے معیار کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن ونگ کو ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ایک جدید اور منظم فورس کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے، جو غیر ملکی مہمانوں کو بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اہلکاروں کی تربیت کے لیے غیر ملکی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جا رہی ہیں اور بیرون ملک تربیتی مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے اہلکاروں کو جسمانی فٹنس، جدید اسلحہ کے استعمال اور ڈرائیونگ مہارتوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کی تعلیمی قابلیت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں بین الاقوامی زبانیں بھی سکھائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے فورس کے لیے جدید اینٹی رائٹ آلات کی خریداری کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری ملک میں امن و امان کے قیام اور انسداد دہشت گردی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے بیرکس کا بھی معائنہ کیا، ٹرینیز سے ملاقات کی اور سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور مزید سہولیات کی فوری فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ٹریننگ سینٹر میں جمنازیم اور سوئمنگ پول کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔

آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹریننگ پروگرام میں ملک کے تمام صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ پہلی بار 35 خواتین اہلکار بھی تربیتی پروگرام کا حصہ ہیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈسٹرکٹ آفیسر ایف سی، ڈپٹی کمشنر چارسدہ، ڈی پی او چارسدہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Leave a reply