تحریکِ انصاف کی صفوں میں دراڑیں، پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

0
12

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں رکن اسمبلی اقبال آفریدی کے رویے پر شدید اعتراضات سامنے آئے، جہاں متعدد ارکان نے ان کے خلاف شکایات پیش کرتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اقبال آفریدی کے طرزِ عمل پر تحفظات کا اظہار کیا۔ شرکاء کا مؤقف تھا کہ ساتھی ارکان کے ساتھ نامناسب رویہ پارٹی کے لیے نقصان دہ ہے اور اسے مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

اجلاس میں بعض ارکان نے دعویٰ کیا کہ اڈیالہ جیل کے باہر ایک موقع پر اقبال آفریدی اور رکن اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ ارکان نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔

پارلیمانی پارٹی کے بعض اراکین نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال جوں کی توں رہی تو وہ متبادل سیاسی حکمت عملی اختیار کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اقبال آفریدی سے اپنے رویے پر معذرت کرنے اور پارٹی نظم و ضبط کا احترام کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر اس معاملے سے متعلق ایک قرارداد بھی منظور کی گئی، جس میں پارٹی اتحاد، باہمی احترام اور نظم و ضبط کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

Leave a reply