ورلڈ کپ میں ایران کو سفری ریلیف، امریکا میں جلد داخلے کی اجازت مل گئی

0
10

فیفا ورلڈ کپ میں شریک ایرانی فٹبال ٹیم کو سفری سہولت فراہم کرتے ہوئے امریکا میں میچ سے دو روز قبل داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل ایرانی ٹیم کو صرف میچ سے ایک دن پہلے امریکا آنے کی اجازت حاصل تھی۔

رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ایرانی حکام اور ٹیم انتظامیہ کی جانب سے سفری مشکلات اور سخت سکیورٹی ضوابط پر تحفظات کے اظہار کے بعد کیا گیا۔ ایرانی وفد کا مؤقف تھا کہ محدود وقت کے باعث کھلاڑیوں کو آرام، بحالی اور میچ کی تیاری کے لیے مناسب موقع نہیں مل پا رہا تھا۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں ایران کے تمام میچ امریکا میں منعقد ہو رہے ہیں، تاہم ٹیم کا بیس کیمپ ہمسایہ ملک میکسیکو میں قائم ہے۔ اس صورتحال کے باعث ایرانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ہر میچ کے لیے بار بار سفر کرنا پڑتا ہے۔

منتظمین کی جانب سے پالیسی میں نرمی کے بعد اب ایرانی ٹیم کو میچ سے دو روز قبل امریکا پہنچنے کی سہولت میسر ہوگی، جس سے تیاریوں اور کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

ایران اپنا آخری گروپ مرحلے کا میچ 27 جون کو مصر کے خلاف کھیلے گا، جہاں کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں رسائی کی امیدیں روشن رکھنے کی کوشش کرے گا۔

Leave a reply