خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور، مختلف محکموں کیلئے اربوں روپے مختص

0
7

خیبرپختونخوا اسمبلی نے مالی سال کے بجٹ سے متعلق مختلف محکموں کے لیے پیش کیے گئے مطالباتِ زر کی منظوری دے دی، جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مجوزہ ترامیم بھی منظور کر لی گئیں۔

صوبائی وزیر قانون و خزانہ آفتاب عالم اور دیگر وزرا نے مجموعی طور پر 66 مطالباتِ زر ایوان میں پیش کیے۔ اس موقع پر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تبدیلیوں کے لیے بھی باقاعدہ تحریک پیش کی گئی، جسے اسمبلی نے منظور کر لیا۔

منظور شدہ ترامیم کے تحت صوبائی اسمبلی کے اخراجات کے لیے 62 کروڑ 79 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح محکمہ خزانہ کے لیے 14 ارب 73 کروڑ روپے جبکہ محکمہ داخلہ کے لیے 4 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد فنڈز کی منظوری دی گئی۔

اسمبلی نے پولیس کے لیے ایک کھرب 38 ارب روپے، محکمہ صحت کے لیے دو کھرب 62 ارب 62 کروڑ روپے اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے لیے 52 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔

علاوہ ازیں محکمہ مواصلات کے لیے 7 ارب 77 کروڑ روپے، آب پاشی کے شعبے کے لیے 11 ارب 27 کروڑ روپے، محکمہ معدنی ترقی کے لیے 2 ارب 27 کروڑ روپے اور بہبودِ آبادی کے لیے ایک ارب 24 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔

اسمبلی کی منظوری کے بعد متعلقہ محکمے نئے مالی سال کے دوران ان فنڈز کو اپنے ترقیاتی اور انتظامی منصوبوں پر خرچ کر سکیں گے۔

Leave a reply