صدر مملکت نے فنانس بل 2026-27 کی منظوری دیدی، یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا

0
6

صدر مملکت آصف علی زرداری نے فنانس بل 2026-27 کی منظوری دے دی، جس کے بعد نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کو قانونی حیثیت حاصل ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق صدر کے دستخط کے بعد فنانس بل گزٹ نوٹیفکیشن کے لیے پرنٹنگ کارپوریشن کو ارسال کیا جائے گا۔ 18 ہزار ارب روپے سے زائد حجم کے وفاقی بجٹ پر یکم جولائی 2026 سے باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔

فنانس ایکٹ کے تحت بجٹ میں شامل مالیاتی اور اقتصادی اقدامات بھی یکم جولائی سے نافذ ہوں گے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے سمیت مختلف ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کی گئی تبدیلیاں بھی اسی تاریخ سے لاگو ہوں گی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے فنانس بل منظوری کے لیے گزشتہ روز ایوانِ صدر بھجوایا تھا، جسے صدر مملکت نے منظور کر لیا۔

فنانس ایکٹ 2026-27 کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نئے مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی پالیسیوں اور معاشی اہداف پر عملدرآمد کا آغاز کرے گی۔

Leave a reply