ایران نےامریکاکاساتھ دینےوالےممالک کونشانہ بنانےکااعلان کردیا

0
7

ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کی خودمختاری اور سرزمین کی خلاف ورزی میں امریکی فوج کی کسی بھی قسم کی مدد ناقابل قبول ہے اور اس میں ملوث ہر مقام کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ’جارح امریکی فوج کو اسلامی ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی میں فراہم کی جانے والی ہر قسم کی معاونت ایرانی مسلح افواج کی نظر میں ایک جائز ہدف ہوگی۔‘
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد کشیدگی دوبارہ بڑھ گئی ہے، حالانکہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ روکنے کے لیے ایک مفاہمتی معاہدہ یا فریم ورک موجود تھا۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ امریکا کی حالیہ فوجی کارروائیاں اس معاہدے کی خلاف ورزی ہیں جبکہ واشنگٹن ایران پر جنگ بندی کی شرائط توڑنے کا الزام عائد کر رہا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایران کا تازہ بیان خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں اور ان ممالک کے لیے بھی اہم پیغام سمجھا جا رہا ہے جہاں امریکی افواج تعینات ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایران کن ممالک یا تنصیبات کو اس تناظر میں شامل سمجھتا ہے۔
دوسری جانب ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ایرانی بندرگاہ بندر ماہشہر میں امریکی ڈرونز کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔
تسنیم نیوز نے جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت یا واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں، جبکہ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ جھڑپ کس نوعیت کی تھی یا اس کے دوران مزید جانی یا مالی نقصان ہوا یا نہیں۔

Leave a reply