پاکستانی بیٹی نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر دیا ، زرکا خان نے عالمی مقابلہ جیت لیا

0
7

پاکستانی خاتون زرکا خان نے اپنی متاثر کن کاوش کے ذریعے عالمی مقابلہ جیت لیا، زرکا خان نے اپنی کاوش میں اجاگر کیا کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مصنوعی اعضا کس طرح دیہی علاقوں میں معذور خواتین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہے ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارے خواتین پاکستان کے ساتھ کام کے دوران سندھ سے تعلق رکھنے والی حبیبہ نامی خاتون کی کہانی پیش کی، جنہوں نے چارہ کاٹنے کے ایک حادثے میں اپنا بازو کھو دیا تھا۔
بعد ازاں مقامی سطح پر تیار کردہ مصنوعی ذہانت سے چلنے والے مصنوعی بازو کی مدد سے حبیبہ دوبارہ اپنی روزمرہ کے معاملات سرانجام دینے کے قابل ہوئی اور اپنی زندگی معمول کے مطابق گزارنے کی جانب واپس آئیں۔
اس منصوبے کے تحت اب تک 5 خواتین کو معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ 110 کمیونٹی ارکان کو تربیت دی گئی اور مزید 25 خواتین کی نشاندہی کی گئی ہے۔
منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ مشاورت اور باہمی رہنمائی کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں میں معذور خواتین کو معاشرے میں باعزت مقام دلانے، روزگار کے مواقع بحال کرنے اور انہیں خودمختار بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

Leave a reply