
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو اعلیٰ ترین عسکری اعزاز نشانِ امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا ہے۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جنرل سید عامر رضا کے سینے پر نشانِ امتیاز (ملٹری) سجایا۔ اس خصوصی تقریب میں وزیرِاعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ صدرِ مملکت نے گزشتہ ماہ 31 جولائی کو جنرل سید عامر رضا کے لیے اس اعلیٰ عسکری اعزاز کی منظوری دی تھی۔
جنرل سید عامر رضا کو حال ہی میں 24 جولائی کو لیفٹیننٹ جنرل سے فوراسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر پاکستان کی نو تشکیل شدہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا پہلا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے 27 جولائی کو باقاعدہ طور پر اپنی عسکری ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس نئی اہم ترین تعیناتی سے قبل وہ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف (CGS) کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ جنرل سید عامر رضا کو اس سے قبل ان کی شاندار عسکری خدمات پر ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہءِ بسالت سے بھی نوازا جا چکا ہے۔















