
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ صوبوں کی ضروریات کے مطابق گندم کی وافر فراہمی یقینی بنانے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں، جبکہ درآمدی گندم کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے اختتام سے پہلے کراچی پہنچ جائے گی۔
اسحاق ڈار کی زیر صدارت گندم کی درآمد سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا ساتواں اجلاس ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے لیے گندم کی درآمد سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے گندم کی دستیابی کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ درآمدی گندم اور پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کے ذخائر سے صوبوں کے لیے پہلے سے مختص گندم کو قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور تجارت، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق، صوبائی محکموں کے متعلقہ سیکریٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔















