پنجاب میں میڈیکل و ڈینٹل کالجزمیں داخلوں کا نیا طریقہ کار جاری

0
5

پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور سیشن 2026-27 کے لیے صوبے کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں مرکزی داخلوں کی ذمہ داری ادا کرے گی۔
جاری کردہ پالیسی کے مطابق داخلوں کے لیے میرٹ کا تعین تین اجزا کی بنیاد پر ہوگا، جن میں ایم ڈی کیٹ کے نمبرز کو 50 فیصد، ایف ایس سی پری میڈیکل یا مساوی قابلیت کو 40 فیصد اور میٹرک یا مساوی قابلیت کو 10 فیصد وزن دیا جائے گا۔
پالیسی کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے خواہش مند امیدواروں کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ امیدوار کے پاس ہائر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی)، ایف ایس سی یا پاکستان میں تسلیم شدہ مساوی بارہویں جماعت کی قابلیت ہونا بھی ضروری ہے، جس میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کیے گئے ہوں۔
غیر ملکی یا دیگر مساوی تعلیمی قابلیت رکھنے والے امیدواروں کے لیے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کا مساوی سرٹیفکیٹ جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔
امیدوار کے لیے ضروری ہوگا کہ اس نے بارہویں جماعت کے امتحان میں بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی مضامین کے طور پر، جبکہ فزکس یا ریاضی اختیاری مضمون کے طور پر پاس کیا ہو۔
پالیسی میں واضح کیا گیا ہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے حافظ قرآن ہونے کی بنیاد پر اضافی نمبر نہیں دیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل انڈرگریجویٹ ایجوکیشن (ایڈمیشنز، کریکولم اینڈ کنڈکٹ) پالیسی اینڈ ریگولیشنز 2025 اور 4 اپریل 2023 کو چھ رکنی بینچ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس میں دیے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
داخلوں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کو اپنی پسند کے کالجز کی ترجیحی فہرست آن لائن فراہم کرنا ہوگی۔ نجی شعبے کے میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے لیے منتخب اداروں کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، جبکہ سرکاری شعبے میں امیدواروں کو ترجیحی ترتیب کے مطابق تمام متعلقہ کالجز کا انتخاب کرنا ہوگا۔
امیدوار درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک اپنی درخواست میں تبدیلی کر سکیں گے، تاہم آخری تاریخ گزرنے کے بعد کالجز کی ترجیحات کی تعداد یا ترتیب تبدیل نہیں کی جا سکے گی۔ پالیسی کے مطابق جس کالج کو امیدوار اپنی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں کرے گا، اسے داخلے یا اپ گریڈیشن کے لیے زیر غور نہیں لایا جائے گا۔
نجی شعبے کے اداروں میں داخلہ لینے والے امیدواروں کو کالج میں شمولیت کے وقت اپ گریڈیشن کا حق چھوڑنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ تاہم، ایک مرتبہ یہ اختیار استعمال کرنے کے بعد وہ اپنے فیصلے میں کسی بھی مرحلے پر تبدیلی یا اسے منسوخ نہیں کر سکیں گے۔
پالیسی کے مطابق داخلوں کا پورا عمل آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ امیدواروں کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کے لیے الگ الگ درخواستیں جمع کرانا ہوں گی۔ کسی مخصوص پروگرام کے لیے درخواست نہ دینے والا امیدوار اس پروگرام میں داخلے کا اہل نہیں ہوگا۔
پالیسی کے مطابق بیرون ملک اور غیر ملکی کوٹے کے تحت داخلوں کے علاوہ سرکاری شعبے کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں کی سالانہ ٹیوشن فیس 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ مزید برآں، اوپن میرٹ کی نشستوں پر منتخب ہونے والے اوورسیز پاکستانی امیدوار پاکستانی طلبہ کے مساوی فیس ادا کریں گے۔
پالیسی کا مقصد پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے عمل کو مرکزی، شفاف اور میرٹ و امیدواروں کی ترجیحات کی بنیاد پر مکمل کرنا ہے۔

Leave a reply