ایران امریکا مذاکرات پر نئی پیشرفت؟عباس عراقچی کا اہم بیان، ٹرمپ کی توثیق

0
104

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ایک پوسٹ شیئر کر دی، جس کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں سے متعلق نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

عباس عراقچی نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ کشیدہ صورتحال کے باوجود اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی تکمیل پہلے کے مقابلے میں زیادہ قریب دکھائی دے رہی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اس معاملے پر میڈیا اور مبصرین سے محتاط رویہ اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک تمام امور حتمی شکل اختیار نہیں کر لیتے، معاہدے کی تفصیلات کے بارے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ ان کے مطابق مناسب وقت پر تمام معلومات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کام جاری ہے اور یہ ایران کی ذمہ دارانہ سفارت کاری اور شفاف طرز عمل کا حصہ ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے اس بیان کو شیئر کیے جانے کے بعد سفارتی حلقوں میں اس پیشرفت کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے، تاہم معاہدے کی نوعیت اور تفصیلات تاحال واضح نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا تعلق ان سفارتی کوششوں سے جوڑا جا رہا ہے جن میں امریکی اور ایرانی نمائندوں کے درمیان پاکستانی ثالثی کے تحت رابطے ہوئے تھے، تاہم متعلقہ فریقین کی جانب سے اب تک محتاط مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply