بروکلین : جشنِ آزادی کا بڑا میلہ، پاکستانی فنکاروں کی دھوم

جشنِ آزادی کے سلسلے میں خوبصورت ثقافتی میلے کا انعقاد 16 اگست کو بروکلین میں کیا جائے گا، جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سائیکو فلم کے معروف پروڈیوسر محمد سلیمان بٹ کو بروکلین میلے کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔
میلے کے انتظامات کے حوالے سے بروکلین میں اہم اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین محمد سلیمان بٹ سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں میلے کے انتظامی امور، قواعد و ضوابط اور دیگر تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس سال جشنِ آزادی کے موقع پر اوورسیز پاکستانی بھی بھرپور انداز میں شریک ہوں گے، جبکہ پاکستان سے معروف فنکار بھی میلے میں شرکت کے لیے بروکلین پہنچ رہے ہیں۔ معروف گلوکارہ حمیرا ارشد، انزی ڈی ایکس اور اداکارہ و ماڈل صائمہ اظہر میلے میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی۔
منتظمین کے مطابق میلے کے لیے خوبصورت اسٹیج اور خصوصی سیٹ تیار کیا جائے گا، جبکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
چیئرمین بروکلین میلہ محمد سلیمان بٹ نے بتایا کہ یہ بروکلین کا 37واں میلہ ہے اور اس بار وہ بطور چیئرمین اس بڑے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میلے میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ دیگر ممالک کے فنکار بھی شرکت کریں گے اور شائقین کو تفریح کے ساتھ ثقافتی رنگوں سے بھرپور پروگرام دیکھنے کو ملے گا۔
بروکلین میلے کا انعقاد 16 اگست کو ہوگا، جس کے لیے انتظامات تیزی سے جاری ہیں جبکہ فنکاروں کی بروکلین آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔















