
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے تحت پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول ایک روپے 82 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 91 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 394 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جن کا اطلاق 8 اکتوبر سے ہوگا۔
حکومتی پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں تبدیلی عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔














