گیس مزید مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 ہزار 470 روپے سے تجاوز کرگئی

0
11

ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 14 روپے 73 پیسے فی کلو اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو صارفین کے لیے گیس مزید مہنگی ہوگئی ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نومبر کے لیے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 173 روپے 86 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 ہزار 470 روپے 9 پیسے مقرر ہوگئی ہے۔ اکتوبر میں یہی سلنڈر 3 ہزار 296 روپے 23 پیسے میں دستیاب تھا۔
اوگرا کے مطابق ایل پی جی کی فی ٹن پروڈیوسر قیمت میں 14 ہزار 733 روپے 98 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ 2 لاکھ 52 ہزار 775 روپے 47 پیسے ہوگئی ہے، جبکہ صارفین کے لیے فی ٹن قیمت 2 لاکھ 94 ہزار 75 روپے 47 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے ہوگئی ہے، تاہم پیٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق سعودی آرامکو کنٹریکٹ پرائس میں 6.47 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 0.12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح ایل پی جی کی صارف قیمت میں مجموعی طور پر 5.27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

Leave a reply