
پنجاب میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور سنگین ہے، تاہم لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں گزشتہ روز کے مقابلے میں 135 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اے کیو آئی پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز اسی وقت فضائی آلودگی کی شرح 472 تھی، جو کم ہو کر 337 پر آگئی، لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح اب بھی خطرناک حد تک بلند ہے۔ صوبے کے دیگر شہروں میں ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی کا اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ننکانہ صاحب میں 493 اور رحیم یار خان میں 464 کی سطح سامنے آئی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی بلند شرح ریکارڈ کی گئی، جہاں ملتان روڈ کا اے کیو آئی 500، جی ٹی روڈ کا 446، برکی روڈ پیراگون کا 390، سفاری پارک کا 354، گلبرگ تھری کا 349، ایجرٹن روڈ کا 346 اور شاہدرہ کا 341 رہا۔ سی ای آر پی آفس کے مانیٹرنگ اسٹیشن پر یہ شرح 575 تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور 289 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ نئی دہلی 232 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔
پاکستان میں ملتان 1026 اے کیو آئی کے ساتھ آلودہ ترین شہر قرار پایا، جبکہ بہاولپور میں 700 اور فیصل آباد میں 463 کی سطح ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین نے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔














