اٹک اور ہری پور میں دریائے سندھ کے قریب آبادیوں کے لیے الرٹ جاری، شہریوں کو نقل مکانی کی ہدایت

0
5

اٹک اور ہری پور کے اضلاع میں دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع چھچھ کے دیہات کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کروائے ہیں۔

اس سے قبل تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مشیرِ آبپاشی کے مطابق ہنڈ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے، جس کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا تھا۔

واپڈا ترجمان کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ مین ٹنل، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو نقصان نہیں پہنچا اور تمام مقامی و غیر ملکی ورکرز کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان نے ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات کو بھی غلط قرار دیا، تاہم ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد توسیعی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔

Leave a reply