اپوزیشن جماعتیں متحد ہوں، عمران خان کا مولانا فضل الرحمان کے لیے بھی پیغام

0
25

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ وسیع اپوزیشن اتحاد بنانے کا پیغام دے دیا، جبکہ پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مسترد کردی۔
نجی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کی خبر کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، اپوزیشن اتحاد اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپوزیشن اتحاد سے متعلق فیصلوں کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو سونپ دیا اور کہا کہ وسیع اپوزیشن اتحاد کے لیے پی ٹی آئی کے بجائے اپوزیشن قائدین فیصلے کریں۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن سے بھی اپوزیشن رہنماؤں کے ذریعے بات چیت کرنے اور مشترکہ اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیا۔
عمران خان نے صوبوں سے متعلق اپنے سابقہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مزید صوبے بننے چاہئیں۔ 28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب تک ترمیم کا مسودہ اور خدوخال سامنے نہیں آتے، اس کی حمایت یا مخالفت کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے متعلق محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو بھی بریفنگ دیں گے۔

Leave a reply