ایک شناختی کارڈ پر کتنی سمز رجسٹرڈہوں گی؟ پی ٹی اے کا اہم فیصلہ

0
5

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایک شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ ہونے والی وائس سمز کی تعداد کم کرنے پر غور شروع کردیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے سائبر کرائم میں سمز کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لیے ایک شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ کی جانے والی وائس سمز کی تعداد کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایک عام صارف بیک وقت صرف دو سے تین وائس سمز استعمال کرتا ہے، اس لیے جرائم کی روک تھام کے پیشِ نظر وائس سمز کی حد کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب اتھارٹی وائس سمز کی حد کم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیٹا سمز کی تعداد بڑھانے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق ملک میں 5G ٹیکنالوجی کے اجرا سے انٹرنیٹ آف تھنگز سروسز کے لیے ڈیٹا سمز کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ اس وقت ایک شناختی کارڈ پر مجموعی طور پر 8 سمز (5 وائس اور 3 ڈیٹا سمز) رجسٹر کرنے کی اجازت ہے، تاہم اس حد میں کسی بھی تبدیلی سے قبل موبائل فون کمپنیوں سے باقاعدہ مشاورت کی جائے گی۔
علاوہ ازیں پی ٹی اے نے عوامی آگاہی کا ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی سم کے حصول یا دیگر ٹیلی کام سروسز کے لیے اپنا بائیومیٹرک ڈیٹا صرف موبائل کمپنیوں کے مجاز کسٹمر سروس سینٹرز، فرنچائزز یا منظور شدہ سیلز آؤٹ لیٹس پر ہی فراہم کریں۔
اتھارٹی نے صارفین سے کہا ہے کہ فنگر پرنٹس دینے سے قبل ان کے حصول کے اصل مقصد کی تصدیق ضرور کریں اور غیر مجاز افراد کو حساس بائیومیٹرک معلومات دینے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے نے شہریوں کو کوریئر کمپنیوں کے جعلی نمائندوں کے ذریعے ہونے والے فراڈ سے بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارسل یا شپمنٹ کی ترسیل کے بہانے فون کر کے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) مانگنے والے عناصر سے ہوشیار رہیں اور اپنا او ٹی پی کسی بھی انجان کالر یا ادارے کے نمائندے کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں۔

Leave a reply