
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے پہلے خلاباز مشن کے حوالے سے کہا ہے یہ پوری پاکستانی قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
پاکستانی اور چینی خلا بازوں کی روانگی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شین ژو-24 کے تین خلابازوں کی روانگی کی تقریب میں شرکت تاریخی موقع ہے، تین خلابازوں میں پہلے پاکستانی خلاباز ذیشان علی بھی شامل ہیں، اس تاریخی لمحے کے حوالے سے اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ٹی وی اسکرینز پر یہ یادگار لمحات دیکھ رہی ہے، پوری قوم کو اپنے ہیرو پر فخر ہے جو چینی خلابازوں کے ہمراہ خلائی مشن پر روانہ ہو رہے ہیں۔















