ریلوےکی ڈیجیٹائزیشن :155 ریلوے سٹیشنز شمسی توانائی پر منتقل

ریل کے مسافروں کیلئے خوشخبری ،پاکستان ریلویز کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری،155 ریلوے سٹیشنز کوشمسی توانائی پر منتقل کیاجائےگا۔
ریلوے امور پر منعقدہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان ریلویزکی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق 7 ڈیجیٹل پورٹل کام کر رہے ہیں، 54 ریلوے سٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا، جبکہ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد سٹیشن پر مفت وائی فائی فراہم کیا جاچکا ہے، مزید 48 ریلوے سٹیشنوں پر31 دسمبر تک مفت وائی فائی فراہم کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 56 ٹرینوں کو RABTA پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 54 ریلوے سٹیشنوں کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے۔ کراچی سٹی ریلوے سٹیشن سے ڈیجیٹل ویہنگ برج کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا، یہ سہولت پپری،کراچی چھاؤنی، پورٹ قاسم، لاہور اور راولپنڈی میں بھی دی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جا چکا ، جلد ہی مزید 11 ٹرینوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، آؤٹ سورسنگ کے باعث 8.5 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے، 40 لگیج اور بریک وینز کو بھی آؤٹ سورس کیا گیا ہے ،جس سے 820 ارب روپے کا اضافی ریونیو متوقع ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد،تہران،استنبول ٹرین کا جلد آغاز ہو گا،جبکہ قازقستان، ازبکستان، افغانستان اورپاکستان ریل منصوبے سے متعلق بھی ابتدائی کام ہو رہا ہے۔















