انمول پنکی کو وزیر اعظم سے زیادہ پروٹوکول دیا جارہا ہے، سینیٹر سیف اللہ ابڑو

0
5

سینیٹر سیف اللہ ابڑونےکہاہےکہ انمول عرف پنکی کو وزیر اعظم سے زیادہ پروٹوکول دیا جارہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک منتخب سینیٹر کو سیکیورٹی نہیں دی جا سکتی، لیکن ایک ملزمہ کو 20 گاڑیاں دینے کے پیچھے کیا وجہ ہے؟انہوں نے ریمارکس دیے کہ یہ خاتون تو پوری پارلیمنٹ سے بڑی ہوگئی ہے، جب یہ گرفتار ہوئی تھی تو آدھا زلزلہ پارلیمنٹ میں بھی آیا تھا، پتہ کیا جائے کہ اس خاتون کے پیچھے کون سی شخصیات ہیں؟
سندھ پولیس حکام نے بریفنگ میں انکشاف کیا کہ انمول عرف پنکی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ وہ لاہور میں بیٹھ کر اپنا نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ نے جرم کی دنیا میں قدم آن لائن منشیات فروخت کر کے رکھا، اس کا پہلا شوہر رانا ناصر ایک بزنس مین ہونے کے ساتھ ساتھ منشیات اسمگلر بھی تھا، جبکہ اس نے دوسری شادی لاہور کے ایک ریٹائرڈ ایس پی سی آئی اے سے کی تھی۔
چیئریٹر کمیٹی نے اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ملزمہ نے زبردست بزنس ماڈل بنا رکھا تھا، ایک عام سی خاتون مارکیٹ میں اتنی دلیری سے کام کرے، ایسا پہلے کبھی نہیں سنا۔
سندھ پولیس نے بتایا کہ لاہور کے ایک مخصوص علاقے میں مقیم نائجیرین باشندے، جو بظاہر کپڑے کا کاروبار کرتے تھے، اس منشیات نیٹ ورک کا حصہ تھے اور ایک نائجیرین کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ملزمہ کے خلاف 28 کیسز درج ہیں جن میں سے 5 پنجاب میں ہیں، جبکہ اے این ایف سمیت تمام ادارے اس کی انکوائری کر رہے ہیں۔پولیس نے 2018 سے اب تک ملزمہ کے 25 رائیڈرز اور 2 اکاؤنٹنٹس کو گرفتار کر کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈز فریز کیے، اس کے باوجود ملزمہ وہاڑی کے رہائشی ‘سمیر’ نامی شخص کا بینک اکاؤنٹ استعمال کر رہی تھی، جسے 5 ماہ قبل گرفتار کیا گیا۔
پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ بلاک ہونے کے باوجود ملزمہ نے نادرا میں کسی اور کی شناخت استعمال کر کے دستاویزات بنوانے کی کوشش کی، جس پر ایف آئی اے حکام نے یقین دہانی کرائی کہ وہ نادرا کارڈ اور پاسپورٹ کے معاملے کو خود دیکھیں گے کیونکہ ان کے پاس منی لانڈرنگ کی بہترین ٹیم موجود ہے۔
سندھ پولیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ غفلت برتنے پر متعلقہ ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کر دیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی نے معاملے کی جڑ تک پہنچنے کے لیے ایف آئی اے کو فوری طور پر معطل ایس ایچ او اور ملزمہ انمول پنکی کے موبائل فونز کا ڈیٹا ٹریس کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ پشت پناہی کرنے والوں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

Leave a reply