25سال بعد بسنت لوٹ آئی،لاہوریوں کا بھرپورہلہ گلہ

25سال بعد بسنت لوٹ آئی،لاہوریوں کا بھرپورہلہ گلہ،شہرکی فضا’’بوکاٹا‘‘ کے نعروں سےگونجنےلگی۔
انتظارکی گھڑیاں ختم ہوگئیں،رات بارہ بجتےہی لاہورمیں بسنت فیسٹیول کا آغاز ہوگیا،وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نےپتنگ اڑاکربسنت فیسٹیول کاآغازکیا،آسمان رنگ برنگےگڈوں سےبھرگیا،لاہورمیں بسنت کےرنگ بکھرگئے ،شہریوں نےچھتوں پرخوب جشن منایااوربھرپورہلہ گلہ کرتےنظرآئے۔ہاتھوں میں پتنگیں تھامےلاہوریوں نےڈھول کی تھاپ پربھنگڑےڈالیں۔
چھوٹےبڑےبزرگ سب بسنت کےرنگ میں رنگ گئے،لاہورکی فضا ’’بوکاٹا‘‘ کےنعروں سےگونجنےلگی۔
اس موقع پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکااپنےپیغام میں کہناتھاکہ 25سال بعدلاہورکی فضامیں بسنت کےرنگ بکھرگئے،پتنگیں ایک بارپھرلاہورکےآسمان پرواپس آگئیں،بسنت ثقافت ،رنگ اوراجتماعیت کی خوبصورت علامت ہے۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ آئیےمل کربسنت کی خوشیاں منائیں،شہری ایس اوپیزپرعمل کریں،محفوظ بسنت ہی خوشیوں کی ضمانت ہے،پنجاب میں پاکستان میں خوشی ،راحت اورتجدیدلانےکیلئےنوازشریف کاشکریہ۔
دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی ہیڈکوارٹرز نے لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کے حوالے سے نوٹم جاری کردیا۔لاہور میں آج 6 فروری سے 8 فروری تک بسنت فیسٹیول منایا جائے گا، لہٰذا نوٹم بسنت کے دوران لاہور کی فضائی حدود میں پروازوں کی آمدورفت کے حوالے سے جاری کیا گیا ہے ۔
نوٹم کے مطابق ہوائی جہازوں کے پائلٹس کو علامہ اقبال انٹرنیشنل پر ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹم کے مطابق پائلٹس کم اونچائی پر پرواز اور ٹیک آف کے مرحلے میں اضافی چوکس اور محتاط رہیں۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ جہازوں کے پائلٹس لینڈنگ کےوقت بھی پتنگ بازی کے ضمن میں انتہائی احتیاط کریں۔ نوٹم میں اس حوالے سے ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ رہےحکومت پنجاب نے صوبائی دارالحکومت لاہورمیں بسنت کےموقع پرشہربھرمیں 6،7 اور8فروری کوعام تعطیل کااعلان کیاہے۔















