ایف آئی اےان ایکشن،ایران میں لاپتہ افرادکی تحقیقات شروع کردی

0
6

لاہور: ایف آئی اے نے 12 نوجوانوں کے ایران میں لاپتا ہونے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے مقدمہ درج کرکے خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں شروع کی جارہی ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ بیرون ملک متعلقہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے گا، نوجوانوں کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ لاپتہ 12 نوجوانوں میں سے 7 کا تعلق لاہور کے علاقے جلو موڑ کے قریب پسین گاؤں سے ہے اور ان میں تین کزن دلشاد، اسامہ اور وقاص بھی شامل ہیں۔
لاپتہ نوجوانوں کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ عامر نامی ایجنٹ لاکھوں روپے لے کر نوجوانوں کو اپنے ساتھ لے گیا تھا۔
انہوں نے ایران پہنچ کر آخری بار رابطہ کیا تھا، جس کے بعد سے نوجوانوں کا اپنے خاندانوں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
اہلخانہ نے بتایا تھا کہ لاپتہ نوجوان وقاص کے نمبر سے اب رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایجنٹ نے 3 نوجوانوں کی انتہائی دل دہلا دینے والی ویڈیوز بھی خاندان کو بھیجی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے نوجوانوں کو گلے میں لوہے کی زنجیریں ڈال کر باندھ رکھا ہے اور وہ رو رو کر اپنے گھر والوں سے فوری رقم بھیجنے کی استدعا کر رہے ہیں۔

Leave a reply